پائلٹ کی حاضر دماغی کی ستائش

   

نئی دہلی، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) نے آج اُس جیاگوار جٹ کا ویڈیو پیش کیا، جو امبالا ہوائی اڈے کے قریب پرندوں کے جھنڈ میں گھس جانے کے بعد انجن کی ناکامی سے دوچار ہوا تھا۔ فضائیہ نے پائلٹ کی حاضر دماغی کی ستائش کی، جس نے فوری فیول ڈراپ ٹینکس اور کیریئر بم لائٹ اسٹورس پاڈز کے وزن سے طیارہ کو ہلکا کرتے ہوئے بحفاظت لینڈنگ کی۔ اس سے کئی شہریوں کی جانیں بچ گئیں۔
٭ امریکہ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی میں پہلی مرتبہ اپنے F-22 فائٹر جٹ طیاروں کو قطر میں تعینات کردیا ہے۔ یو ایس ایئر فورسیس سنٹرل کمانڈ کے مطابق یہ لڑاکا طیارے جمعرات کو قطر کے ال عدید ایئر بیس کو پہنچے۔
٭ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کرناٹک کے وزیر تغذیہ اور سیول سپلائز اور محکمہ اوقاف ضمیر احمد خان کو آئی ایم اے جویلز کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے 5 جولائی کو طلب کیا ہے۔ ضمیر احمد کا کہنا ہے کہ ای ڈی نوٹس ایک پراپرٹی معاملت سے ہے جو انھوں نے بانی آئی ایم اے منصور خان کے ساتھ کی ہے۔
٭ مرکز نے تین نیوزپیپر گروپس… ٹائمز گروپ، اے بی پی گروپ اور دی ہندو میں اشتہارات کو روک دیا ہے، یہ رپورٹ نیوز ایجنسی رائٹرز کی ہے، جس کی حکومت نے تردید کردی ہے۔ ایک ایگزیکٹیو کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ پابندی ناموافق رپورٹس کی اشاعت کے سبب ہے۔
٭ بھوپال کی اسپیشل کورٹ نے ہفتہ کو مدھیہ پردیش بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجئے ورگیا کو ضمانت عطا کردی۔ پہلی مرتبہ کے ایم ایل اے کو ایک میونسپل کارپوریشن آفیسر کو کرکٹ بیاٹ سے پیٹنے پر 26 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ آکاش سینئر بی جے پی لیڈر اور پارٹی کے نیشنل جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیا کا بیٹا ہے۔
٭ آر جے ڈی لیڈر اور لالو پرساد یادو کے فرزند تیجسوی یادو نے لوک سبھا چناؤ کے بعد منظر سے غائب ہوجانے سے متعلق قیاس آرائیوں پر کہا ہے کہ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے گھٹنے کی انجری کا علاج کرانے میں مصروف تھے۔ انھوں نے کہا: ’’تاہم، مجھے عجیب معلوم ہوا کہ سیاسی حریفوں کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ایک گوشہ نے من گھڑت کہانیاں بنائی ہیں۔‘‘
٭ ٹاملناڈو کے ایک گاؤں میں دلت برادری کے لوگوں کو عام کنویں سے پانی لینے سے مبینہ طور پر روک دیا گیا ہے۔ مقامی افراد نے کہا کہ یہ کنواں ’مقدس‘ ہے اور زائد از 150 لوگ اس کا پانی پینے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ ایک این جی او عہدہ دار نے بتایا کہ اس گاؤں میں ہنوز چھوت چھات پائی جاتی ہے۔ چھوت چھات پر عمل پیرا لوگوں پر ایس سی ؍ ایس ٹی ایکٹ کے تحت ضرور مقدمہ چلانا چاہئے۔
٭ بالی ووڈ کی روشن فیملی کی بیٹی سنینا کے بوائے فرینڈ روحیل امین نے ایسی افواہوں کو خیالی باتیں قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ وہ موجودہ طور پر کسی اور عورت کے ساتھ شادی شدہ ہے۔ رتیک روشن کی بہن اور راکیش روشن کی بیٹی سنینا اپنی فیملی کی مرضی کے خلاف روحیل کے عشق میں مبتلا ہے اور اس مسئلہ پر روشن فیملی میں جھگڑا ہورہاہے۔
٭ جرمنی کا سب سے بڑا قرض دینے والا ڈوئشے بینک چند نہیں بلکہ 20,000 جابس کی کٹوتی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق بینک کے شیئرز کی قدر میں 95% گراوٹ اصل سبب ہے۔