جناب زاہد علی خاں اور افتخار حسین کی اپیل کا موثر اثر ، مزید 11.5 لاکھ روپئے فیس باقی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ہندوستان بھر میں کمزوروں ، ضرورت مندوں اور حالات بالخصوص سرکاری دہشت گردی سے لے کر فرقہ پرست درندوں کے ظلم کا شکار اقلیتوں کے ساتھ ساتھ آفات سماوی کے متاثرین کی مدد کی جب بات آتی ہے تو روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا نام لیا جاتا ہے ۔ اس معاملہ میں روزنامہ سیاست و ایڈیٹر سیاست کے ساتھ فیض عام ٹرسٹ اور اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین کا بھی غیر معمولی کردار ہوتا ہے ۔ ہر ضرورت مند کی مدد کے لیے سیاست کے شانہ بہ شانہ رہتے ہیں ۔ ویسے بھی جو شخصیتیں اللہ کے بندوں کی مدد کرتے ہیں ان کی پریشانیوں کو دور کرنے میں تعاون کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کی غیب سے مدد کرتے ہیں ۔ ان کی زبانوں ان کے جملوں ان کے الفاظ میں غیر معمولی تاثر پیدا کردیتے ہیں ۔ ایسا ہی کچھ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے ساتھ ہوتا ہے جب بھی یہ شخصیتیں کسی ضرورت مند طالب علم ، فسادات و آفات سماوی سے متاثر کسی خاندان کی مدد کے لیے مدد کی اپیل کرتی ہیں تو لوگ جوق در جوق ان کی مدد کے لیے آگے آتے ہیں ۔ حال ہی میں ایک مدرسہ کے مدرس مولانا محمد شہریار عالم کے فرزند محمد یار عالم کی کمرشیل پائیلٹ بننے میں مالی تعاون کی جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے اپیل کی تب قارئین سیاست ، فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان اور ہمدردان ملت نے اس ہونہار نوجوان کی مالی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ آپ کو بتادیں کہ محمد یار عالم ایرو اسپیس انجینئر ہیں ۔ پائیلٹ ٹریننگ کے لیے 51 لاکھ روپئے فیس میں سے 25 لاکھ روپئے مولانا شہریار عالم نے قرض وغیرہ کے ذریعہ جمع کئے مزید 26 لاکھ روپئے درکار تھے ایسے میں انہیں کسی نے کہا کہ روزنامہ سیاست جاکر جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کریں ۔ چنانچہ ملاقات کے بعد جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے محمد یار عالم کی پائیلٹ بننے میں مدد کی اپیل کی اور الحمدﷲ تاحال 14 لاکھ 52 ہزار روپئے جمع ہوئے ۔ اس لڑکے کو مزید 11.5 لاکھ روپیوں کی ضرورت ہے تاکہ اسے 200 گھنٹے پرواز کرنے میں آسانی ہو ۔ ان میں سے کئی گھنٹے سولو پرواز کے بھی ہوتے ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ 14 لاکھ 52 ہزار روپئے مولانا محمد شہریار عالم کے حوالے کردئیے گئے ہیں ۔ ذیل میں محمد یار عالم کے بنک اکاونٹ کی تفصیلات فراہم کی جارہی ہیں مدد کرنے والے ان کی مدد کرسکتے ہیں ۔۔
Account Holder : Mohammed Yar Alam
Account Number : 50100372006386
IFSC : HDFC0001041
Branch : Qutubullahpur, Account Type : Saving
Phone : 7989228679