نیویارک، 25 ستمبر (یو این آئی) ایرانی صدر نے کہا کہ اگر ایران پر پابندیاں ہی لگانی ہیں تو پھر مذاکرات کا فائدہ کیا ہے ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے نیویارک اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے سالانہ اجلاس کے پس منظر میں سوئٹزرلینڈ کی ہم منصب کیرین کیلرسٹر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کی۔ ایرانی صدر نے کہا ہے کہ ہم بامقصد مذاکرات کے حامی ہیں اور ایٹمی معاملے پر مزاکرات کے عمل کا ہمیشہ خیر مقدم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے فتویٰ دیا ہوا ہے اس لیے ہم ایٹمی ہتھیار نہیں بنائیں گے ۔
امریکہ سے سویابین کی خریداری ٹیرف ہٹانے پر منحصر ہے: چین
بیجنگ : 25 ستمبر ( ایجنسیز ) چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ غیر معقول ٹیرف ختم کرے تاکہ دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے ۔چینی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سویابین تجارت کے معاملے میں امریکہ کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے، چین سویا بین کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ چین عموماً امریکہ سے ہی سویا بین خریدا کرتا تھا مگر اس بار امریکہ کے ساتھ ٹیرف تنازعہ اور بیونس آئرس کی جانب سے اناج پر برآمدی ٹیکس ختم کرنے کے باعث چین ارجنٹائن سے کم از کم 10 کارگو سویابین خرید رہا ہے۔