پلاٹ فروختگی معاملت میں دھوکہ ، ڈی سی پی مادھاپور وینکٹیشور راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) گچی باؤلی پولیس نے عیسائی پادری کے قتل کیس میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی مادھاپور مسٹر وینکٹیشورا نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا ۔ یاد رہے کہ 22 نومبر کی رات 48 سالہ ستیہ نارائنا ریڈی کا قتل کردیا گیا تھا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ رقمی لین دین کے معاملہ میں پادری کا قتل کیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 46 سالہ جمیل عرف نواب ساکن حفیظ پیٹ 44 سالہ شیخ شبیر ساکن جیڈی میٹلہ 27 سالہ اظہر 23 سالہ اسماعیل اور 19 سالہ ایم روی ساکنان حفیظ پیٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جمیل اور ستیہ نارائنا ریڈی کے درمیان اراضیات کے معاملہ میں رقمی لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا ۔ ریڈی اننت پور کا ساکن تھا اور اس نے شہر میں جمیل کو چند پلاٹ فروخت کرنے کیلئے اس سے تین لاکھ روپئے حاصل کئے تھے اور پلاٹس جمیل کو فروخت کرنے کے بجائے کسی اور کو فروخت کردیا اور جب جمیل نے اس سے یہ بات پوچھی تو وہ انکار کردیا اور اس کی رقم دینے سے بھی انکار کرنے لگا ۔ ستیہ نارائنا ریڈی نے اس سے ملاقات بھی بند کردی تھی اور رقم بھی واپس نہیں کر رہا تھا ۔ جس کے بعد ریڈی کی حرکتوں سے تنگ آکر جمیل ان پلاٹس پر زبردستی داخل ہوا اور پلاٹس پر پہونچا اس بات پر ستیہ نارائنا ریڈی نے میاں پور پولیس میں شکایت کی اور جمیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ۔ اس اقدام کے بعد جمیل برہم ہوگیا اور اس نے سازش تیار کرتے ہوئے ساتھیوں کو شامل کرلیا اور انہیں رقم دینے کی پیشکش کرتے ہوئے جمیل نے 22 نومبر کو ریڈی کا تعاقب کیا اور اس کا قتل کردیا ۔ گچی باؤلی پولیس نے اس ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔