15 روپئے میں 2 کیلو گرام کی ڈیلیوری کی تجویز
حیدرآباد۔/29 اپریل ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پوسٹل سرکل نے عوام کی سہولت کیلئے ایک منفرد پارسل ڈیلیوری اسکیم شروع کی ہے جس میں آر ٹی سی کے اشتراک سے 2 کیلو گرام وزن کے پارسل اسی دن یا دوسرے دن ڈیلیوری کردیئے جائیں گے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر پوسٹل سرویسیس شرت کمار کے مطابق ہندوستان میں تلنگانہ پوسٹل سرکل واحد سرکل ہے جس نے انڈیا پوسٹ پارسل فائنل میل کے نام سے نئی اسکیم متعارف کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت رعایتی شرح پر پارسل منتقل کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت کسٹمرس پوسٹ آفس یا قریبی نوڈل ڈیلیوری سنٹر کو اپنے پارسل حوالے کرسکتے ہیں جس کے ذریعہ اُسی دن یا پھر دوسرے دن محض 15 روپئے پر 2 کیلو کا پارسل منتقل کیا جائے گا۔ جی ایس ٹی علحدہ طور پر رہے گی۔ تلنگانہ پوسٹل سرکل نے آر ٹی سی سے اس سلسلہ میں اشتراک کیا ہے۔ ریاست میں تمام 233 پوسٹ آفسیس میں پارسل بک کئے جاسکتے ہیں۔ آر ٹی سی تمام پوسٹ آفسیس کو پارسل حوالے کرے گا۔ تلنگانہ پوسٹل سرکل نے تجارتی اداروں اور عوام سے اس سہولت سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے قریبی پوسٹ آفس یا بزنس ڈیولپمنٹ سیل سے فون نمبر 040-23463616 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔1