تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی ہدایت
حیدرآباد ۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے نظام آباد کے کنٹیشور میں پارسی آرام گھر قبرستان کی اراضی کے مقدمہ کی سماعت کی۔ رکن کمیشن جی نوریا کے علاوہ کمیشن کے مشیران اور عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ آر ڈی او نظام آباد کے وینکٹیا ، تحصیلدار نیلا کانتھم اور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر رتن نے اجلاس میں شرکت کی اور تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ اراضی کے سلسلہ میں ریونیو ریکارڈ میں کی گئی تبدیلیوں سے واقف کرایا ۔ اصلی پٹہ دار فیروز شاہ کی جگہ ریکارڈ میں ٹی سائنا اور دوسروں کے نام شامل کئے گئے۔ درخواست گزار مانک شاہ بھی اجلاس میں شریک تھے اور انہوں نے قبرستان کی اراضی کے تحفظ پر زور دیا۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے فریقین کی سماعت کے بعد اراضی کا موقف جوں کا توں برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 29 فروری کو مقرر کی ہے۔