نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے مرکزی کابینہ سے پشوپتی کمار پارس کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے اور کرن رجیجو سے فوڈ پروسیسنگ وزارت کا اضافی چارج سنبھالنے کو کہا ہے ۔صدر جمہوریہ کے سکریٹریٹ نے چہارشنبہ کو ایک ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے آئین کے آرٹیکل 75 کے سیکشن 2 کے تحت مرکزی کابینہ سے مسٹر پارس کا استعفیٰ فوری طور پر قبول کر لیا ہے ۔صدر جمہوریہ نے مسٹر رجیجو کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی وزارت کے ساتھ ساتھ فوڈ پروسیسنگ کی وزارت کا چارج بھی سنبھال لیں۔واضح رہے کہ مسٹر پارس نے بہار میں لوک سبھا انتخابات کے لیے قومی جمہوری اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔