ڈپٹی کمشنر گلبرگہ و ریٹرننگ آفیسر فوزیہ ترنم کا ضلع بھر میں پولنگ بوتھس کا معائینہ
گلبرگہ 20مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلعی انتظامیہ گلبرگہ نے 7مئی کو منعقد کئے جانے والی پارلیمانی انتخابات کی رائے دہی کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر گلبرگہ و ریٹرننگ آفیسرپارلیمانی انتخابات گلبرگہ محترمہ فوزیہ ترنم نے پیر کے دن جیورگی و افضل پور حلقہ جات اور منگل کے دن گلبرگہ جنوبی و گلبرگہ شمالی حلقہ جات کا دورہ کیا ہے۔ جیورگی ٹائون کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے منی ودھان سودھا اور اسٹرانگ رومس وغیرہ کا معائینہ کیا ۔ انھوں نے سنگل ونڈو سسٹم کے طریقہ کارکا بھی معائنہ کیا ۔ تحصیل دار ملنا یلگوڈ نے انتخابات کیلئے ابتدائی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے سخت انداز میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کرنے کا بھی ذکر کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے جیورگی کے سرحدی گائوں جیرٹگی کے پولنگ بوتھس کا بھی معائنہ کیا ۔ان پولنگ بوتھس پر تنقید کی جارہی تھی ۔ ڈپٹی کمشنر نے جیورگی کے دیہاتوں بیلور اور انکلگاکے پولنگ بوتھس کا بھی معائنہ کیا ۔ بعد ازاں انھوں نے افضل پور ٹائون کے گھانگا پور پولنگ بوتھس کا بھی معائینہ کیا ۔ اور چوڈا پور چیک پوسٹ و پولنگ بوتھ نمبر 9موقوعہ مدارا بی گائوں کا بھی معائنہ کیا ۔چیف ایکزیکیٹیو آفیسر ضلع پنچایت بھنور سنگھ مینا اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اکشئے ہاکے بھی ڈپٹی کمشنر کے ساتھ تھے ۔ محترمہ فوزیہ ترنم جو ضلعی الیکشن آفیسر بھی ہیں انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلقہ پارلیمنٹ گلبرگہ کے لئے انتخابی نوٹیفکیشن 12اپریل کو جاری کردی جائے گی اور پھر نامزدگیوں کا عمل بھی اسی دن سے شروع ہوجائیگا۔ پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 19اپریل ہوگی اور پرچہ جات کی جانچ 20اپریل کو ہوگی۔ پرچہ جات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 22اپریل ہے جب کہ رائے دہی 7مئی 2024کو منعقد ہوگی۔ 4جون 2024کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس سال یکم جنوری کو ضلع میں رائے دہندوں کی تعداد22,68,944ہے جن میں 11,43,159مرد اور 11,25463 خواتین رائے دہندگان شامل ہیں ۔ ضلع بھر میں 2,378پولنگ بوتھس قائم کئے جائیں گے ۔