حیدرآباد۔/10مارچ، ( سیاست نیوز) پارلیمانی انتخابات کے اعلان کے پیش نظر پولیس کمشنر انجنی کمار نے انتخابات کے پس منظر میں پولیس کی جانب سے کئے جانے والے موثر اقدامات سے واقف کروایا۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ تلنگانہ میں پہلے مرحلہ میں انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور اس کے پیش نظر گزشتہ 20دن سے پولیس حرکت میں ہے اور کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس اور انتہائی حساس علاقوں کا نقشہ تیار کیا گیا ہے اور ان مقامات پر پُرامن رائے دہی کو یقینی بنانے پولیس چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے جاری پولیس کی کارروائی سے چیف الیکٹورل آفیسر کو عنقریب واقف کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس بندوبست کیلئے 6 تا 10 مرکزی نیم فوجی دستوں کو حیدرآباد اور سکندرآباد حلقوں میں متعین کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران درج مقدمات میں پولیس چارج شیٹ داخل کریگی۔ انہوں نے کہاکہ روڈی شیٹرس اور جرائم پیشہ افراد کو پابند مچلکہ کیا جائیگا جبکہ فرقہ وارانہ نوعیت کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن ماحول میں انتخابات کیلئے پولیس گشت میں شدت پیدا کردی جائیگی اور فوری پولیس فلائنگ اسکواڈ، سرویلنس ٹیم و خصوصی پولیس دستوں کو متحرک کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب شہر کے تمام ڈپٹی کمشنران و سب انسپکٹران رتبہ کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا اور انتخابات کے دوران کئے جانے والے اقدامات کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔