پارلیمانی انتخابی مہم کیلئے چیف منسٹر کے جلسوں کو قطعیت

   

/29 مارچ کو مریال گوڑ ہ ، /31 مارچ کو ناگرکرنول اور محبوب نگر میں کے سی آر خطاب کریں گے

حیدرآباد۔24مارچ(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 29مارچ سے عام انتخابات میں تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم کا از سر نو آغاز کریں گے اور اس دوران مسٹر کے سی آر ریاست کے مختلف لوک سبھا حلقوں میں منعقد کئے جانے والے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے خطاب کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سربراہ ٹی آر ایس کے انتخابی جلسو ںکو قطعیت دے دی گئی ہے اور 29 مارچ سے روزانہ دو جلسوں کو مخاطب کریں گے اور 4اپریل تک ان کی انتخابی مہم کا سلسلہ جاری رہے گی اس دوران مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مختلف جلسوں سے مخاطب کریں گے ۔ 29مارچ کو مسٹر کے سی آر مریال گوڑہ میں حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے جبکہ اس دن شام کو ایل بی اسٹیڈیم میں حلقہ جات لوک سبھا سکندرآباد‘ ملکا جگری اور چیوڑلہ کے مشترکہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔بتایاجاتا ہے کہ 31 مارچ کو مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ناگر کرنول اور محبوب نگر حلقہ جات لوک سبھا کے مشترکہ انتخابی جلسہ عام سے ونپرتی میں خطاب کریں گے جبکہ یکم اپریل کو وہ راما گنڈم میں پدا پلی حلقہ کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 2اپریل کو ورنگل اور بھونگیر میں منعقد ہونے والے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔اسی طرح 3اپریل کو ظہیر آباد اور میدک حلقہ جات لوک سبھا میں منعقد ہونے والے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے جو کہ اندول اور نرسا پور میں منعقد ہوں گے ۔ ان انتخابی جلسوں کے علاوہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ محبوب آباد اور کھمم لوک سبھا حلقوں میں منعقد ہونے والے انتخابی جلسوں سے بھی خطاب کریں گے ۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سابق میں حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد اور کریم نگر میں انتخابی مہم میں حصہ لے چکے ہیں۔تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین کے مطابق مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پارٹی امیدوارو ںکی انتخابی مہم کے دوران روزانہ دو انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کریں گے کہ عوام ٹی آر ایس کے امیدوارو ںکی کامیابی یقینی بنائیں اور صدر ٹی آر ایس کے جلسوں سے قبل تمام حلقہ جات لوک سبھا میں مسٹر کے ٹی راما راؤ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی بھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور عوام میں جوش کو خروش پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے تمام جلسوں کا وقت شام 4بجے کے بعد کا رکھا گیا اور وہ روزانہ شام 4بجے سے رات 10بجے تک انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔