پارلیمانی حلقہ گلبرگہ میں 62.27 فیصد رائے دہی

   

ملیکارجن کھرگے کے بشمول اہم شخصیتوں نے افراد خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالے

گلبرگہ 8مئی : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حلقہ پارلیمنٹ گلبرگہ میں 7مئی کو ہوئی پولنگ ایک دو مقامات کو چھوڑ کر مجموعی طور پر پر امن رہی ۔ اس حلقہ سے کانگریسی امیدوار مسٹر رادھا کرشنا دوڈمنی ، ان کے برادر نسبتی مسٹر پریانک کھرگے ضلع انچارج وزیر گلبرگہ ، رادھا کرشنا کے خسر شری ملیکارجن کھرگے صدر آل انڈیا کانگریس ، مسٹر الم پربھو پاٹل رکن اسمبلی گلبرگہ جنوبی ، محترمہ کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ شمالی ، ڈاکٹر امیش جادھو امیدوار بی جے پی حلقہ پارلیمنٹ گلبرگہ اور تمام قائدین کے افراد خاندان کے علاوہ سارے حلقہ میں کانگریس اور بی جے پی کے حامیوںنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالے ۔ حلقہ پارلیمنٹ گلبرگہ میں رائے دہی کی فی صد 61.73 اور بعض اطلاعات کے بموجب رائے دہی کا یہ فی صد بڑھ کر 62.27فی صد ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر گلبرگہ و الیکشن آفیسر فوزیہ ترنم نے سارے حلقہ میں انتظامات سخت رکھے تھے ۔کانگریسی امیدوار رادھا کرشنا دوڈمنی اور ضلع انچارج وزیر گلبرگہ مسٹر پریانک کھرگے نے اپنی بیویوں کے ساتھ موضع گنڈگرتی تعلقہ چیتا پور میں واقع پولنگ بوتھ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ، اسی پولنگ بوتھ میں ضلع نگران کار وزیر پریانک کھرگے کی اہلیہ شرتی پریانک کھرگ نے بھی اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ ۔ صدرآل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ملیکارجن کھرگے نے شہر کے علاقہ بسوا نگر میں واقع پولنگ بوتھ پر اپنی اہلیہ رادھا بائی کے ساتھ اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی گلبرگہ جنوبی مسٹر الم پربھو بھی انکے ساتھ تھے ۔ ریاستی وزیر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل نے سیڑم تعلقہ کے موضع اڈگی میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالے ۔