عالمی اقتصادی حالات سے ہندوستان کے فائدہ پر غور : مودی
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے آغاز سے قبل جمعہ کو کہاکہ دونوں ایوانوں کو معاشی مسائل پر بحث کے لئے اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہئے اور اس بات پر غور کیا جانا چاہئے کہ عالمی اقتصادی صورتحال سے ہندوستان کو کس طرح فائدہ پہونچایا جاسکتا ہے۔ پارلیمانی سیشن کے آغاز سے قبل وزیراعظم مودی نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ایوان ، مالیاتی مسائل پر وسیع تر اور معیاری بحث کریں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’ہماری حکومت دلتوں، پچھڑے ہوئے طبقات، خواتین وغیرہ کو بااختیار بنانے کا تہیہ کرچکی ہے۔ اس عشرہ کے دوران بھی ہم ان ہی کے لئے کام کرتے رہیں گے‘۔ اُنھوں نے کہاکہ اس بات پر بھی بحث کی جانی چاہئے کہ عالمی اقتصادی حالات سے ہندوستان کو کس طرح زیادہ سے زیادہ فائدہ پہونچایا جاسکتا ہے۔وزیر فینانس نرملا سیتارامن کل ہفتہ کو مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔
