نئی دہلی 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) باوثوق ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت اپنی قانون سازی کی مصروفیات کی تکمیل کے لئے پارلیمنٹ کے رواں سیشن میں مزید دو یا تین دن کی توسیع دینے کے بارے میں غور کررہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اشارہ دیا تھا کہ بشرط ضرورت سیشن میں توسیع دی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ ’حکومت کم سے کم 3-2 دن کیلئے پارلیمانی سیشن میں توسیع پر غور کررہی ہے اور بی جے پی قائدین فی الحال اپوزیشن قائدین سے بات چیت میں مصروف ہیں تاکہ اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے‘۔ 17 ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس 17 جون سے شروع ہوا تھا اور 26 جولائی کو اختتام مقرر ہے۔ ایک مفکر ادارہ پی آر ایس لیجسلیٹیو ریسرچ کے مطابق لوک سبھا کا رواں اجلاس 20 سال کے دوران پہلا انتہائی فائدہ بخش اور کارآمد اجلاس ثابت ہوا ہے۔ بالخصوص ایوان زیریں کی کارکردگی منگل تک 128 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لوک سبھا اپنے مقررہ وقت سے زائد کام کررہا ہے۔ قانون سازی کی مصروفیات کی تکمیل کے لئے دو موقعوں پر نصف شب تک اجلاس منعقد کئے گئے تھے۔ پی آر ایس لیجسلیٹیو ریسرچ نے کہاکہ ’رواں سیشن میں 16 جولائی 2019 تک لوک سبھا کی کارکردگی 128 فیصد رہی جو گزشتہ 20 سال کے دوران سب سے زائد ہے‘۔ اس طرح راجیہ سبھا کی بھی جہاں نریندر مودی حکومت کو اکثریت حاصل نہیں ہے، نسبتاً زیادہ رہی ہے۔
