نئی دہلی ۔8 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پارلیمان نے دوشنبہ کو ایک ترمیمی بل کو منظوری دیدی جس کے رو سے آدھار کو شناخت کے ثبوت کے طورپر آسانی سے استعمال کیا جاسکے گا ۔ اس کے علاوہ اس کے استعمال کنندہ اسے بینک میں کھاتہ کھولنے اور موبائیل فون کا کنکشن حاصل کرنے میں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ آدھار ترمیمی بل بابتہ 2019 ء کو رواجیہ سبھا میں ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا ۔ اس کے علاوہ اس بل میں خانگی اداروں کی جانب سے آدھار مواد کے غلط استعمال پر ایک کروڑ روپئے جرمانہ اور جیل کی سزاء بھی مقرر کی گئی ہے ۔ آدھار اور دیگر قوانین ( ترمیمی ) بل 2019 ء 24 جون کو لوک سبھا میں پیش کی گئی تھی ۔ یہ ترمیمات کے وائی سی کی رضاکارانہ بنیاد پر توثیق کیلئے آدھار کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی تھی ۔