پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس، وزیر اعظم عمران خان بری

   

اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس میں وزیر اعظم عمران خان کو بری کر دیا۔عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو مقدمہ میں بدستور اشتہاری قرار دیا ہے۔ عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ دیگر ملزمان پر 12 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف کیس نہیں چلایا جائے گا اور ان کے خلاف کیس داخل دفتر رہے گا۔دیگر ملزمان میں وفاقی وزراء مخدوم شاہ محمود قریشی، پرویز خان خٹک، اسد عمر، شفقت محمود، سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان، پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری ، پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری جنرل سردار جہانگیر خان ترین، عامر محمود کیانی، شوکت علی یوسفزئی، علی نواز اعوان،راجہ خرم شہزاد نواز سمیت دیگر شامل ہیں۔