نئی دہلی: پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے پہلے کل پیر کو کُل جماعتی میٹنگ میں اپوزیشن نے مردم شماری میں ذات پات کی بنیاد پر اقتصادی سروے کرانے، کوآپریٹو وفاقی نظام، کسان فصل بیمہ، خواتین کی ریزرویشن جیسے امور پر حکومت سے بات کرنے کا مطالبہ کیا لیکن حکومت نے کہا کہ صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک اور عام بجٹ پر بحث کے دوران ان تمام موضوعات پر بات ہو سکتی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے پارلیمنٹ لائبریری بلڈنگ میں منعقدہ آل پارٹی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس کل سے شروع ہو رہا ہے۔ کل صدر کا خطاب ہوگا۔ پرسوں عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔ ایوان میں صدر کے شکریہ کی تحریک اور عام بجٹ پر بحث کی جائے گی۔ اس کے بعد 13 فروری کو درمیانی وقفہ ہوگا۔ بعد ازاں 13 مارچ سے ایوان کی کارروائی شروع ہوگی اور پھر فائنانس بل کو منظور کیا جائے گا۔