پارلیمنٹ بجٹ سیشن کا 31 جنوری سے آغاز

   

یکم ؍ فبروری کو مرکزی بجٹ ،2022ء میں نئی عمارت میں پارلیمانی سیشن
نئی دہلی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمانی امور کی کابینی کمیٹی نے بجٹ سیشن کو 31 جنوری سے اپریل تک دو مرحلوں میں منعقد کرنے کی سفارش کی ہے اور یکم ؍ فبروری کو مرکزی عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے کہا کہ پارلیمنٹ بجٹ سیشن کا پہلا مرحلہ 31 جنوری سے 11 فبروری تک جاری رہے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 2 مارچ سے شروع ہوکر 3 اپریل کو ختم ہوگا۔ بجٹ سیشن کے دونوں مرحلوں کے درمیان عام طور پر ایک ماہ کا طویل وقفہ ہوتا ہے۔ اس دوران پارلیمانی کمیٹی کو مختلف وزارتوں کو مختص کردہ بجٹ کا جائزہ لینے کا موقع دیا جاتا ہے۔ مرکزی کابینہ کی جانب سے سفارش کردہ اس تجویز کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوان سے صدر جمہوریہ خطاب کریں گے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ 2022ء میں ملک کی 75 ویں آزادی سالگرہ منائی جائے گی اور پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں پارلیمانی سیشن منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’نیوانڈیا‘‘ کے خواب کو پورا کرنے کیلئے ہندوستانی پارلیمنٹ کا پہلا سیشن 2022ء میں اس نئی پارلیمانی عمارت میں منعقد کیا جائے اور 75 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس بلڈنگ کے 92 شاندار سال مکمل ہورہے ہیں۔ اس عمارت نے 1927ء میں کام کرنا شروع کیا تھا۔ پارلیمنٹ کی تزئین نو اور تعمیرنو کیلئے ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے عملہ سے مشاورت کی جائے گی۔ راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک کے علاقہ کی بھی تزئین نو کی جائے گی۔