پارلیمنٹ مانسون اجلاس سے قبل آج کل جماعتی اجلاس

   

نئی دہلی : پارلیمنٹ کے 19 جولائی سے شروع ہونے والے مانسون اجلاس سے قبل حکومت نے اتوار کو کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے ۔ وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے بتایا کہ کل جماعتی اجلاس دن میں 11 بجے شروع ہوگا جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے ۔ اسی دوران اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے بھی اتوار کو شام 4 بجے فلور لیڈرس کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کا پیر 19 جولائی سے آغاز ہورہا ہے جو 13 اگست تک جاری رہے گا ۔ اس دوران 19 کام کے دن ہوں گے ۔ لوک سبھا ، راجیہ سبھا دونوں میں سیشن صبح 11 بجے شام 6 بجے تک جاری رہے گا ۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت مانسون اجلاس کے دوران 17 بلز متعارف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ دوسری طرف اپوزیشن جماعتیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے مسئلہ پر حکومت کو گھیرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں ۔۔