تیاریاں زور و شور سے جاری ، کورونا وائرس کے باعث منفرد احتیاطی اقدامات
نئی دہلی : پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا اگست کے اواخر میں آغاز متوقع ہے جس کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر پہلی مرتبہ مختلف قسم کے منفرد احتیاطی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ لوک سبھا ، راجیہ سبھا کی نشستوں کو کورونا پروٹوکول کے مطابق رکھا جائے گا ۔ سماجی فاصلے کی برقراری کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق اگست کے آخری ہفتہ میں یا ستمبر کے اوائیل میں پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا آغاز ہوسکتا ہے ۔ پارلیمنٹ اجلاس کیلئے پہلی مرتبہ کئی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں بڑے ڈسپلے اسکرین ، گیالریز سے مباحث میں حصہ لینے کیلئے کنسولس ، دونوں ایوانوں کے درمیان خصوصی کیبلس وغیرہ شامل ہیں ۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ مانسون اجلاس کیلئے اگست کے تیسرے ہفتہ تک تمام تیاریاں مکمل کرنے کیلئے گزشتہ دو ہفتوں سے مسلسل کام کررہا ہے ۔ راجیہ سبھا صدرنشین و نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کی ہدایت کے مطابق مقررہ وقت میں زائد تنصیبات کو یقینی بنانے کا کام جاری ہے ۔ مباحث میں ارکان کے حصہ لینے کو یقینی بنانے کیلئے جن آلات کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے ان میں ایوان کے چیمبر میں 4 بڑے ڈسپلے اسکرین کے علاوہ 6 چھوٹے اسکرین ایوان کی گیلریز میں نصب کئے جائیں گے ۔ آڈیو ۔ ویژول سگنلس کے ٹرانسمیشن کیلئے خصوصی کیبل نصب کئے جائیں گے جو دونوں ایوانوں کو جوڑیں گے ۔ 1952 ء کے بعد پارلیمنٹ کی تاریخ میں اجلاس اپنی منفرد نوعیت کے ساتھ منعقد ہوگا ۔ /17 جولائی کو وینکیا نائیڈو نے اسپیکر لوک سبھا اوم برلا کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس میں پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے انعقاد کیلئے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں دونوں ایوانوں کے چیمبرس اور گیلریز کو موجودہ تحدیدات کے مطابق استعمال کرنے کا اہل بنانے مختلف اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ۔
بعد ازاں راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے سینئر عہدیداروں نے مانسون اجلاس کے کیلئے خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں متعلقہ ایجنسیوں اور کمپنیوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وینکیا نائیڈو نے اگست کے تیسرے ہفتہ تک تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان کی جانچ ، ریہرسل اور قطعی جائزہ لیا جاسکتا ہے ۔ راجیہ سبھا کی ہر گیلری میں جن ارکان کی نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے پلے کارڈس کے ذریعہ اس کی تفصیل پیش کی جائے گی ۔ انتظامات کے مطابق راجیہ سبھا چیمبر اور گیلریز کے علاوہ لوک سبھا چیمبر ارکان کے بیٹھنے کیلئے استعمال کئے جائیں گے ۔سماجی فاصلے کے قواعد کے مطابق 60 ارکان چیمبر میں اور 51 راجیہ سبھا کی گیلریز میں ہوں گے ۔ مابقی 132 ارکان لوک سبھا چیمبر میں ہوں گے ۔ مختلف جماعتوں کے ارکان کو ان کی تعداد کے مطابق چیمبر اور گیلریز میں نشستیں فراہم کی جائیں گی ۔ راجیہ سبھا چیمبر میں وزیراعظم ، قائد اپوزیشن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کیلئے نشستیں مختص ہوں گی ۔ سکریٹریٹ عہدیداروں کی محدود تعداد کے علاوہ رپورٹرزبھی محدود تعداد میں ہوں گے اور انہیں بیرونی شخصیتوں کیلئے مختص کئے جانے والے اسپیشل باکس میں جگہ دی جائے گی ۔