پارلیمنٹ میں آج مہنگائی پر گرماگرم مباحث کا امکان

   

اپوزیشن پر قیمتوں میں اضافہ اور جی ایس ٹی سے سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام
نئی دہلی : لوک سبھا میں پیر کو مہنگائی پر مباحث ہوں گے۔ اس مسئلہ پر اپوزیشن کے مطالبہ اور ہنگامہ آرائی کے باعث گذشتہ دو ہفتوں کے دوران پارلیمنٹ میں کوئی کارروائی نہیں ہوسکی تھی۔ پیر کو شیوسینا کے رکن ونائیک راوت اور کانگریس کے منیش تیواری قاعدہ 193 کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پر مباحث کا آغاز کریں گے۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا 18 جولائی سے آغاز ہوا اور سیشن کے آغاز سے ہی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں قیمتوں میں اضافہ اور جی ایس ٹی پر مباحث کا اپوزیشن کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا گیا جس کے باعث کوئی کارروائی نہیں ہوسکی تھی۔ اپوزیشن جماعتیں افراط زر میں اضافہ پر بی جے پی حکومت کو مسلسل نشانہ بنارہے تھے۔ اپوزیشن جماعتوں کا احساس ہیکہ وہ افراط زر اور اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی لاگو کرنے پر مباحث کے ذریعہ حکومت کو بے نقاب کرسکتے ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی اور اس کے وزراء اس مسئلہ پر اپوزیشن کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ایک سینئر وزیر نے کہا کہ اپوزیشن افراط زر پر جی ایس ٹی کے مسئلہ پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ جمعرات اور جمعہ کو کانگریس قائد ادھیر رنجن چودھری کے صدرجمہوریہ سے متعلق ریمارک پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ بعدازاں انہوں نے معذرت خواہی بھی کرلی۔