پیگاسس مسئلہ پر اپوزیشن کا احتجاج جاری، کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی
نئی دہلی: پیگاسس جاسوسی اسکینڈل، مہنگائی اور نئے زراعی قوانین پر اپوزیشن کے ہنگامہ کے سبب لوک سبھا جمعرات کے روز دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔ دو مرتبہ التواء کے بعد، تیسری بار دوپہر دو بجے جیسے ہی ایوان زیریں کی کارروائی شروع ہوئی، کانگریس، ترنمول کانگریس، بائیں بازو کی پارٹیوں سمیت متعدد اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر، نعرے لگائے ۔ ائیرپورٹ اکنامک ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا ترمیمی ایکٹ 2021 اور ان لینڈ ویسل بل 2021 کو لوک سبھا نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے ہنگامے کے درمیان بحث کے بغیر منظور کرلیا۔ دریں اثناء، مشتعل ارکان نے ایوان کے کام کاج میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ ایوان میں ہنگامہ دیکھ کر پریزائیڈنگ آفیسر نے ایوان کی کارروائی جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل، پریزائڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے ہنگامہ کے دوران وقفہ سوالات شروع کیا اور ایوان کی میز پر مختلف وزارتوں کے کام کاج سے متعلق اہم کاغذات رکھوائے ۔ بعد میں، ایوان میں بڑھتے ہوئے ہنگامے کو دیکھ کر کارروائی دوپہر 12.15 سے دو بجے تک ملتوی کردی گئی۔ آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی، پیگاسس جاسوسی اسکینڈل، مہنگائی اور زراعتی قوانین کے مسائل پر ہنگامہ کے دوران، نشست صدر کی طرف کاغذات پھینکنے کے واقعے پر نوک جھونک ہوئی۔