حیدرآباد: اے آئی سی سی کے سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) جس کا اجلاس ہفتہ کو حیدرآباد میں ہوا اس میں مطالبہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن کے دوران خواتین کے ریزرویشن بل کو منظوری دی جائے ۔ پارلیمنٹ اجلاس 18تا 22 ستمبر ہونے والا ہے ۔ کانگریس پارٹی 9 برسوں سے مطالبہ کررہی ہے کہ خواتین ریزرویشن بل جس کو پہلے ہی راجیہ سبھا میں منظوری دے دی گئی ہے ، لوک سبھا میں منظوری دی جائے ۔ جئے رام رمیش نے سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ایکس پر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ راجیوگاندھی نے پہلے مئی 1989 میں پنچایتوں اور نگرپالیکا کیلئے ایک تہائی ریزرویشن کیلئے دستوری ترمیمی بل متعارف کیا تھا۔ یہ بل لوک سبھا میں منظورہوگیا تاہم ستمبر 1989ء میں اسے راجیہ سبھا میں شکست ہوئی۔