خاتون ایم پیز کو سواتی مالیوال کا مکتوب، راج گھاٹ پر بھوک ہڑتال جاری
نئی دہلی۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ویمن کمیشن کی صدرنشین سواتی مالیوال تمام خاتون ارکان پارلیمنٹ سے لوک سبھا میںخواتین کی سیفٹی کا مسئلہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ سواتی مالیوال عصمت ریزی کے خاطیوں کو اندرون چھ ماہ پھانسی کی سزاء کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی میں بھوک ہڑتال کررہی ہیں۔ اس مطالبہ کو قبول کرنے کو یقینی بنانے پربھی انہوں نے خاتون ایم پیز پر زور دیا۔ مالیوال نے کل اس سلسلہ میں وزیراعظم کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے عصمت ریزی کے خاطیوں کو سزاء کے اعلان کے اندرون چھ ماہ پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے خاتون ارکان پارلیمنٹ کو لکھے گئے مکتوب میں کہاکہ ملک بھر میں خواتین اور بچے جنسی جرائم کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے نربھیا عصمت ریزی کے خاطیوں کو فوری پھانسی دینے کا بھی مطالبہ کیا جبکہ زیادہ تعداد میں فاسٹ ٹریک کورٹس قائم کرنا اور نربھیا فنڈ کا مناسب استعمال بھی سواتی مالیوال کے مطالبات میں شامل ہے۔ وہ دہلی کے راج گھاٹ پر اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہیں۔انہوں نے اس مطالبہ پر گزشتہ روز اپنی بھوک ہڑتال کی شروعات کی تھی۔انہوں نے دعوی کیا کہ جنتر منتر پر انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد انہوں نے راج گھاٹ پر بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی بھوک ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مرکزی حکومت اس بات کی یقین دہانی نہیں کرواتی کہ عصمت دری کرنے والوں کو اندرون چھ ماہ پھانسی کی سزا دی جائے گی۔