پارلیمنٹ میں غدر 2 کی نمائش پر کانگریس کی تنقید

   

ہندوستانی جمہوریت کو مضحکہ خیز تھیٹر بنا دیا گیا: جے رام رمیش
نئی دہلی: سنی دیول کی فلم ’غدر 2‘ کی نمائش پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں کئے جانے پر کانگریس نے مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کی اداکاری والی فلم ’غدر 2‘ کی نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں نمائش کی خبروں پر کانگریس نے کہا کہ ہندوستانی سیاست کو تماشہ میں تبدیل کرنے کے بعد اب خود ساختہ وشواگروہندوستانی جمہوریت کو مضحکہ خیز تھیٹر میں تبدیل کر رہے ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ اطلاعات جے رام رمیش نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ نئے ہندوستان میں سیاست کو تماشہ میں تبدیل کرنے کے بعد خود ساختہ وشوا گرو اب ہندوستانی جمہوریت کو مضحکہ خیز تھیٹر میں بدل رہے ہیں، وہ بھی نئی پارلیمنٹ میں۔انہوں نے کہا کہ فلم میں مرکزی کردار میں ایک بی جے پی ایم پی ہیں جو بینک آف بڑودہ کو 56 کروڑ روپے کے واجبات ادا کرنے میں ناکام رہے، ہیں جبکہ بینک نے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں اپنی کارروائی واپس لے لی۔ راجیہ سبھا ایم پی رمیش نے ایک خبر کو منسلک کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ میں غیر حاضری کا ایک قابل ذکر ریکارڈ رکھنے والا رکن پارلیمنٹ۔
ہماری جمہوریت ہر گزرتے دن کے ساتھ جس طرح انحطاط پذیر ہے ،وہ شرمناک ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بہتر کاروبار کر رہی غدر 2 کی 25 اگست سے نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں نمائش کی جا رہی ہے۔ فلم کی پارلیمنٹ ہاؤس میں نمائش گزشتہ روز صبح 11 بجے شروع ہوئی اور یہ 3 دن تک جاری رہے گی۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان لوک سبھا کے لیے ہر روز پانچ شو ہوں گے۔