پارلیمنٹ میں مودی کا بیان تلنگانہ عوام کی توہین : سکھیندر ریڈی

   

سشما سوراج نے تلنگانہ بل کی تائید کی تھی، صدر نشین قانون ساز کونسل کا شدید ردعمل
حیدرآباد۔/7 فبروری، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے تلنگانہ سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ تلنگانہ تحریک میں شامل عوام کی توہین ہورہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ میں مودی نے 3 کروڑ تلنگانہ عوام کی عزت نفس کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران بی جے پی کا ایک موقف تھا لیکن آج وہ مختلف بیان بازی کے ذریعہ سابقہ موقف سے انحراف کررہی ہے۔ بی جے پی کیلئے اس طرح کی بیان بازی مناسب نہیں۔ قائد اپوزیشن کی حیثیت سے سشما سوراج نے تلنگانہ بل کی پارلیمنٹ میں تائید کی تھی جس کے بعد علحدہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ عوام ہی نہیں بلکہ سشما سوراج کی توہین کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کو اپنے موقف میں تبدیلی کرتے ہوئے حقائق جان کر تلنگانہ عوام کے حق میں بیان دیں تو ٹھیک رہے گا۔ جی سکھیندر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہوں تک علحدہ ریاست کیلئے عوام نے جدوجہد کی اور کئی قربانیاں دی گئیں۔ مختلف شعبوں میں ناانصافیوں کے خلاف یہ جدوجہد کی گئی تھی جو دراصل عوامی جدوجہد تھی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی جانب سے تلنگانہ عوام کی توہین وزیر اعظم کے عہدہ کے شایان شان نہیں ہے۔ مودی صرف چند ریاستوں کیلئے وزیر اعظم نہیں بلکہ وہ تلنگانہ کے بھی وزیر اعظم ہیں اور اس بات کو فراموش نہ کریں کہ کسی ایک ریاست کی توہین نہیں کی جاسکتی ہے۔ جی سکھیندر ریڈی نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کے وقت وہ لوک سبھا کے رکن تھے ۔ بل کی منظوری کیلئے کس قدر جدوجہد کرنی پڑی وہ جانتے ہیں۔ بی جے پی نے بل کی تائید کی تھی اور قائد اپوزیشن سشما سوراج نے بل کی منظوری کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو مستقبل میں اس طرح کے بیانات سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے عہدہ کیلئے اور بی جے پی کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ متنازعہ بیانات سے گریز کریں۔