حیدرآباد:لوک سبھا میں بی آر ایس کے فلور لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے اعلان کیا کہ یکساں سیول کوڈ کے خلاف بی آر ایس جدوجہد کرے گی اور مودی حکومت کو یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا منصوبہ ترک کرنا ہوگانئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ اگر سیول کوڈ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تو بی آر ایس نہ صرف مخالفت کرے گی بلکہ رکاوٹ پیدا کرے گی۔کے سی آر کی زیر قیادت نئی دہلی میں احتجاج منظم کیا جائے گا جس کے ذریعہ سماج کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے بی جے پی کی سازش بے نقاب کی جائے گی۔ناگیشور راؤ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں یکساں سیول کوڈ کی مخالفت کیلئے ہم خیال جماعتوں سے تائید حاصل کی جائے گی اور مشترکہ اور متحدہ موقف اختیار کیا جائے گا۔