پارلیمنٹ میں ہنڈن برگ رپورٹ پر بحث کا مطالبہ

,

   

دونوں ایوان میں اپوزیشن کا ہنگامہ، کارروائی متاثر
نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے منگل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوان میں ہنڈن برگ رپورٹ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے راجیہ سبھا میں وقفہ سوال اور وقفہ صفر نہیں ہوسکا اور ایوان بالا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر تحریک تشکر پر بحث شروع کرتے ہوئے بی جے پی کے چندر پرکاش جوشی کی جانب سے اپنی عفت کی حفاظت کے لیے قربانی کی روایت کے ذکر سے برہم اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث دوپہر 1.30 بجے تک ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔جب جوشی نے بحث کے دوران ستی پرتھا کا ذکر کیا تو ڈی ایم کے کی کنی موزی، این سی پی کی سپریا سولے اور اپوزیشن کے دیگر ارکان نے اسے ستی پرتھا کی حمایت قرار دیتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا۔بعد میں ہنڈن برگ رپورٹ کے مسئلہ پر بھی لوک سبھا کی کارروائی متاثر ہوئی۔ راجیہ سبھا میں جیسے ہی صدرنشین جگدیپ دھنکر نے دوپہر 12 بجے وقفہ سوال کا اعلان کیا، عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ اور دو دیگر ارکان ایوان کے وسط میں آگئے اور نعرے لگانے لگے ۔