22 جولائی تا 12 اگست بجٹ سیشن کی تاریخ کا اعلان‘صدرجمہوریہ کی منظوری
نئی دہلی: ملک میں 18ویں لوک سبھا کی تشکیل کے بعد اب مودی حکومت اپنی تیسری مدت کا پہلا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔ مرکزی بجٹ 2024 کی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر فینانس نرملا سیتا رمن 23 جولائی کو پارلیمنٹ میں عام بجٹ پیش کریں گی۔ 18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اس میں نومنتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔ اب سب کی نظریں بجٹ اجلاس پر لگی ہوئی ہیں۔ پارلیمنٹ کا اجلاس 22 جولائی سے 12 اگست تک چلے گا۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اپنے ایکس ہینڈل پر بجٹ اجلاس کے بارے میں معلومات دیں۔ انہوں نے لکھا کہ حکومت ہند کی منظوری پر صدر نے 22 جولائی 2024 سے 12 اگست 2024 تک (پارلیمانی کام کی ضروریات کے تحت) بجٹ سیشن 2024 کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو طلب کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی بجٹ 2024/25، 23 جولائی 2024 کو لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سال دو بار بجٹ پیش کیا جا رہا ہے۔ یکم فروری 2024 کو عبوری بجٹ پیش کیا گیا تھا لیکن اب نئی حکومت کے قیام کے بعد مکمل مرکزی بجٹ پیش ہونے جا رہا ہے۔ اس بار بجٹ پیش کرنے کے بعد موجودہ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رمن مسلسل 7 مرکزی بجٹ پیش کرنے والی پہلی وزیرفینانس بن جائیں گی۔ اس معاملے میں وہ مرارجی دیسائی کو پیچھے چھوڑ دیں گی، جنہوں نے لگاتار 6 مرتبہ بجٹ پیش کیا تھا۔