نئی دہلی، 31 جولائی (یواین آئی) لوک سبھا نے جمعرات کو ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) اور امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی مشترکہ کوشش کے طور پر جی ایس ایل وی راکٹ سے ناسا-اسرو سنتھیٹک اپرچر ریڈار(این آئی ایس اے آر) سیٹلائٹ کوخلائی مدار میں قائم کئے جانے پر سائنس دانوں کی تعریف کی۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان جمع ہونے کے ساتھ ہی اراکین کو اس بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ بدھ کے روز سری ہری کوٹا میں ستیش دھون خلائی مرکز سے جی ایس ایل وی-ایف 16 راکٹ کے ذریعے ناسا-اسرو سنتھیٹک اپرچر ریڈار (این آئی ایس اے آر) سیٹلائٹ کا کامیاب لانچ، ہندوستانی خلائی سائنس کی ایک تاریخی حصولیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مشترکہ مشن ہے ، جسے سورج کی مطابقت پذیر قطبی مدار میں رکھا گیا ہے ۔’مائیکرو ویو امیجنگ‘ ٹیکنالوجی پر مبنی یہ سیٹلائٹ عالمی جیو ایکو سسٹم اور سمندری علاقوں کے مطالعہ میں مددگار ثابت ہوگا۔