پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ہوگا 18 نومبر سے 13 دسمبر تک ، پیش کئے جائیں گے کئی اہم بل

   

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس اگلے ماہ کی 18 تاریخ سے شروع ہوکر 13 دسمبر تک چلے گا، پارلیمانی امور کے وزیر نے پیر کے روز یہ اطلاع پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سکریٹریٹ کو دی ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں یہاں 16 اکتوبر کو ہونے والی کابینہ کی پارلیمانی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔

ذرائع ابلاغ سے ملی اطلاع کے مطابق پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 18 نومبر سے شروع ہو کر 13 دسمبر تک چلے گااس دوران شہریت ترمیمی بل سمیت کئی اہم بل پیش کئے جانے کے امکانات ہیں۔ آپ کو بتادیں کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد یہ پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس ہوگا اور اس میں اپوزیشن اس ایشو پر حکومت کو گھیرنے کی پوری کوشش میں ہے۔

اس دوران معیشت میں سست روی، کسانوں کے مسائل سمیت دیگر مسائل پر بھی گرما گرم بحث کی امید ہےمودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ پارلیمنٹ کا دوسرا سیشن ہوگا، پہلے سیشن میں حکومت نے اپنا پہلا بجٹ پیش کیا تھا