نئی دہلی 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے آج کہا کہ پارلیمنٹ بلڈنگ کی از سر نو تزئین ‘ سنٹرل وسٹا اور ایک جامع کامپلکس کی تعمیر کا کام آئندہ سال تک شروع ہوجائیگا ۔ وزیر موصوف نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر یہ بات کہی ۔ پارلیمنٹ بلڈنگ کی نئی تعمیر سے متعلق اطلاعات پر یہ اب تک کا پہلا سرکاری رد عمل ہے ۔اس بڑے منصوبے کے تحت حکومت راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک تین کیلومیٹر کی پٹی کی از سر نو تزئین کرنا چاہتی ہے ۔ پارلیمنٹ عمارت کے مقام اور اس کے ڈیزائین سے متعلق سوال پر مسٹر پوری نے کہا کہ یہ امور ابھی زیر غور ہیں۔ فی الحال یہ کہا جاسکتا ہے کہ وسط اکٹوبر تک اس تعمیر اور تزئین کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جاسکتے ہیں اور آئندہ سال کے اوائل تک تعمیری کاموں کا آغاز ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک ساڑھے تین کیلومیٹر کی پٹی کو از نو سنوارا جائیگا اوراس کی تزئین کی جائے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات تک نئی پارلیمنٹ عمارت تیار بھی ہوجائے گی ۔