نئی دہلی: پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی میں سنجیدہ رخنہ ڈالنے کی کوشش اُس وقت ناکام بنادی گئی جب ایک شخص دیوار پھلانگ کر احاطے میں داخل ہونا چاہتا تھا۔ دہلی پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی صبح 6 بجے پیش آیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو موقع پر ہی پکڑ لیا۔ راجیہ سبھا کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایک شخص غیر مجاز طریقے سے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم اسے فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ یہ تازہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب تقریباً دو سال قبل، 13 دسمبر 2023 کو، زیرو آور کے دوران دو افراد لوک سبھا کے چیمبر میں کود پڑے تھے۔ یہ واقعہ 2001 کے پارلیمنٹ پر دہشت گرد حملے کی 22ویں برسی کے دن پیش آیا تھا۔