پارلیمنٹ کی سیکیورٹی میں کوتاہی نوجوان احاطے میں گھس گیا

   

نئی دہلی :انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی میں کوتاہی کا ایک بار پھر معاملہ سامنے آیا ہے اور جمعہ کو ایک نوجوان نے دیوار کود کر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں گھس گیا۔ذرائع کے مطابق اس نوجوان نے ریڈ کراس روڈ سے لوک سبھا کمپلیکس کی طرف دیوار کود کر احاطہ میں داخل ہوا۔ کچھ ملازمین نے اسے دیوار سے کودتے دیکھا تھا۔ بعد میں سیکورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔اس سال کے شروع میں سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے پارلیمنٹ کمپلیکس کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے تقریباً چھ ماہ کے اندر سیکورٹی کی یہ بڑی خامی سامنے آئی ہے ۔ اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی کی ذمہ داری دہلی پولیس کے پاس تھی۔ذرائع نے بتایا کہ نوجوان کو احاطے میں کودنے سے پہلے دیوار کے قریب گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ خبر لکھے جانے تک پارلیمنٹ ہاؤس کے سیکیورٹی اہلکار ان سے پوچھ گچھ کر رہے تھے ۔