پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام ٹاٹا پراجکٹ کے حوالے

   

نئی دہلی: ٹاٹا پراجکٹ لمیٹیڈنے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کی بولی لگا کر پراجکٹ حاصل کرلیا ہے۔ 861.90 کروڑ روپئے لاگتی اس پراجکٹ کیلئے ایل اینڈ ٹی لمیٹیڈ نے 865 کروڑ کی بولی لگائی تھی۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو سنٹرل وسٹا وی ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے تحت موجودہ عمارت کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔ نئی عمارت پارلیمنٹ ہاؤس اسٹیٹ کے 118 ویں پلاٹ نمبر پر تعمیر کی جائے گی۔ سنٹرل پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ اس عمارت کی تعمیر کے دوران موجودہ عمارت میں ہی کام کاج ہوگا۔ حکومت نے قبل ازیں نئی پارلیمانی بلڈنگ تعمیر کرنے کیلئے اپنے فیصلہ کو حق بجانب قرار دیا تھا۔ پارلیمانی حلقوں کی تنظیم نو کے بعد ارکان پارلیمنٹ کی تعداد میں اضافہ ہوگا اس لئے موجودہ عمارت ناکافی ثابت ہوگی۔