امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کا مطالبہ ، اتم کمار ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔5۔ مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے آج پارلیمنٹ کے احاطہ میں مجسمہ گاندھی کے روبرو احتجاج منظم کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کے علاوہ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، ملو روی ، ایس راجیا اور دیگر سابق ارکان پارلیمنٹ نے دھرنے میں حصہ لیا اور 14 اپریل کو پنجہ گٹہ میں مجسمہ نصب کرنے کی مانگ کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اجازت کے حصول کی شرط عائد کرتے ہوئے مجسمہ کی تنصیب روک دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر 14 اپریل تک حکومت مجسمہ نصب کرنے کی اجازت نہ دیں تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل ڈاکٹر امبیڈکر کی مرہون منت ہے۔ اگر دستور میں دفعہ 3 شامل نہ ہوتی تو علحدہ ریاست کی تشکیل ممکن نہ ہوتی۔ امبیڈکر مجسمہ کو پولیس اسٹیشن میں رکھنا دلتوں کی توہین ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ مجسمہ کی تنصیب کی مساعی کریں ، بصورت دیگر کانگریس پارٹی کے ارکان بجٹ سیشن میں احتجاج کریں گے ۔ دھرنے میں شامل قائدین پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جس پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تصویر تھی اور مجسمہ کی تنصیب کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ ارکان پارلیمنٹ سریش، جئے کمار اور دوسروںنے بھی حصہ لیا ۔ کل 6 مارچ کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر کل جماعتی احتجاج منظم کیا جائے گا۔
