پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں 4 بل پیش کئے جائیں گے

   

نئی دہلی :مرکزی حکومت کی طرف سے طلب کردہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کو لے کر ابھی تک ایجنڈا واضح نہیں تھا، لیکن اب اس سے پردہ اٹھ گیاہے۔ کل لوک سبھا اور راجیہ سبھا کا جو بلیٹن جاری ہوا ہے اس کے مطابق پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پہلے دن، یعنی 18 ستمبر کو آئین ساز اسمبلی سے شروع ہوئے 75 سالہ پارلیمانی سفر پر گفتگو ہوگی۔اراکین کو مطلع کیا گیا ہے کہ پیر یعنی 18 ستمبر کو دیگر رسمی کام جیسے کاغذات رکھنے کے علاوہ آئین ساز اسمبلی سے شروع ہونے والے 75 سالوں کے پارلیمانی سفر، حصولیابیوں، تجربات، یادیں اور سبق موضوع پر ایک بحث منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ یہ بھی اطلاع دی گئی ہے کہ پارلیمنٹ کی بحث کے دوران 4 بلز بھی ایجنڈا میں شامل ہیں ہیں۔ ان میں ایڈووکیٹ امینڈمنٹ بل، پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریوڈیکلس بل، پوسٹ آفس بل اور چیف الیکشن کمشنر و دیگر الیکشن کمشنر تقرری سروس شرط بل شامل ہیں۔خصوصی اجلاس کا ایجنڈا سامنے آنے کے بعد کانگریس کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کہا کہ آخر کار سونیا گاندھی کے وزیر اعظم کو لکھے خط سے دباؤ بنا اور مودی حکومت کو 18 ستمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی 5 روزہ اجلاس کے ایجنڈے کا اعلان کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ ایجنڈا میں کوئی بھی ایسا ہنگامی موضوع موجود نہیں جس کے لیے نومبر میں سرمائی اجلاس تک انتظار نہیں کیا جا سکتا تھا۔