پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا ایجنڈہ آیا سامنے، یہ چار بل پیش کرے گی حکومت 

   

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے 18 سے 22 ستمبر تک چلنے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے لئے بدھ کی شام کو ایجنڈے کی ‘عارضی فہرست’ جاری کی ہے۔ پارلیمنٹ کے 75 سال کے سفر پر بحث کے ساتھ ساتھ چار بل بھی اس ایجنڈے میں رکھے گئے ہیں۔ حالانکہ یہ ایک عارضی فہرست ہے اور اس میں کچھ اور بل بھی شامل کئے جا سکتے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ان میں ایڈوکیٹ (ترمیمی) بل 2023 اور پریس اینڈ پیریڈیکل رجسٹریشن بل 2023 کو لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ انہیں 3 اگست کو راجیہ سبھا میں پاس کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ پوسٹ آفس بل 2023 اور چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز (تقرری، سروس کی شرائط اور عہدے کی مدت) بل 2023 پر راجیہ سبھا میں بحث کی جائے گی۔ یہ دونوں بل 10 اگست کو راجیہ سبھا میں پیش کئے گئے تھے۔