کارروائی میں رکاوٹ ، منی پور کی سنگین صورتحال پر وزیراعظم سے جواب کا مطالبہ
حیدرآباد ۔20۔ جولائی (سیاست نیوز) تشدد سے متاثرہ منی پور کی بگڑی صورتحال پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے بی آر ایس کی جانب سے تحریک التواء پیش کی گئی۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بی آر ایس فلور لیڈرس ناما ناگیشور راؤ اور ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی قیادت میں ارکان نے کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی اور منی پور میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ دونوں ایوانوں میں اجلاس کی کارروائی کے آ غاز کے ساتھ ہی بی آر ایس ارکان نے تحریک التواء قبول کرنے کا مطالبہ کیا ۔ دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے بھی منی پور کے مسئلہ پر تحریک التواء پیش کی تھی۔ اجلاس کے التواء کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے منی پور کی صورتحال پر وزیراعظم نریندر مودی سے بیان دینے کا مطالبہ کیا ۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ منی پور کی صورتحال بے قابو ہوچکی ہے لیکن مرکزی حکومت حقیقی صورتحال سے عوام کو بے خبر رکھنا چاہتی ہے۔ پارلیمنٹ میں وزیراعظم نریندر مودی کو جواب دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دو قبائلی خواتین کو برہنہ گشت کرانا انتہائی شرمناک ہے ۔ اس واقعہ میں سارے ملک کو شرمسار کردیا ہے ۔ مرکزی حکومت منی پور کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ بی آر ایس ارکان نے مباحث کے بغیر دونوں ایوانوں کو ملتوی کرنے کی مذمت کی۔ دونوں ایوانوں میں بی آر ایس کے ارکان وسط میں پہنچ کر نعرہ بازی کرنے لگیں ۔ ارکان کا مطالبہ تھا کہ منی پور کی سنگین صورتحال پر فوری مباحث کئے جائیں۔ر