حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بی آر ایس کے ارکان نے آج بھی احتجاج جاری رکھتے ہوئے منی پور کی صورتحال پر فوری مباحث کی مانگ کی ۔ پارلیمانی پارٹی کے لیڈرس ناما ناگیشور راؤ اور کیشو راؤ کی قیادت میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بی آر ایس ارکان نے ایوان کے ایجنڈہ کو ملتوی کرتے ہوئے منی پور کی صورتحال پر مباحث کا مطالبہ کیا۔ بی آر ایس ارکان نے پارلیمنٹ کی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کا مطالبہ کیا تاکہ ملک کے عوام منی پور کی صورتحال سے واقف ہوسکیں۔ منی پور کے بحران پر بی آر ایس نے تحریک التواء پیش کی جسے نامنظور کردیا گیا ۔ ایوان کے باہر بی آر ایس ارکان نے مظاہرہ کیا اور حکومت سے منی طور پر کی صورتحال پر قابو پانے کا مطالبہ کیا۔ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ بی آر ایس ارکان نے بھی نعرہ بازی کی اور پلے کارڈس کا مظاہرہ کیا ۔ ایوان کے وسط میں احتجاج کے سبب اسپیکر لوک سبھا اوم برلا اور صدرنشین راجیہ سبھا جگدیپ دھنکر نے ایوان کی کارروائی کو ملتوی کردیا۔ بی آر ایس ارکان نے اعلان کیا کہ پارلیمنٹ میں مباحث تک احتجاج جاری رہے گا۔ بی آر ایس نے نریندر مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے۔
