پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، تلنگانہ کے ساتھ جانبدارانہ رویہ ، قومی سطح پر اناج پالیسی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے اناج کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز سے ایک جامع قومی پالیسی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اناج کے حصول کے سلسلہ میں مرکز کا غیر واضح موقف ایک طرف تلنگانہ کے کسانوں تو دوسری طرف ملک کے زرعی شعبہ کیلئے مشکلات کا سبب ہے۔ چیف منسٹر نے آج پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کسانوں کے مسائل پر مرکز کے رویہ پر تنقید کی ۔ لوک سبھا و راجیہ سبھا ارکان کے ساتھ اجلاس میں پارلیمنٹ سیشن کی حکمت عملی کو قطعیت دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اناج کے حصول میں مرکز کو واضح پالیسی کا اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کی پابند ہے لہذا پارلیمنٹ اجلاس میں مرکز کو گھیرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تاکہ کسانوں کے حق میں پالیسی کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسانوں سے دھان کی خریدی پر بی جے پی حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے مرکز پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ ایوانوں میں شدت کے ساتھ حکومت کو نشانہ بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے دونوں ایوانوں کے ارکان کو واضح ہدایات دیں۔ اجلاس میں وزیر زراعت نرنجن ریڈی، وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی، راجیہ سبھا میں پارٹی لیڈرکے کیشوراؤ، کیپٹن لکشمی کانت راؤ، کے آر سریش ریڈی، جے سنتوش کمار، لوک سبھا ارکان بی بی پاٹل، کے پربھاکر ریڈی، جی رنجیت ریڈی، پی راملو، پی دیاکر، ایم کویتا، بی وینکٹیش، وی سرینواس ریڈی، رکن کونسل وینکٹ راملو کے علاوہ دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ حکومت کے مشیراعلیٰ راجیو شرما، چیف سکریٹری سومیش کمار، چیف منسٹر پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ، سی ایم کے سکریٹری راج شیکھر ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، کمشنر سیول سپلائیز انیل کمار اور دیگر نے حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جاریہ سیزن میں مرکز کو 90 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کرنی ہے لیکن صرف 40 لاکھ میٹرک ٹن کی خریدی کا اعلان کیا گیا۔ چیف منسٹر نے ایم پیز سے کہا کہ وہ حکومت کو گھیرنے میں کسر باقی نہ رکھیں۔ ریاستی وزراء نے مرکزی وزیر پیوش گوئل سے نمائندگی کی ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کی عہدیداروں سے نمائندگی کے باوجود مرکز کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اجلاس نے کسانوں کے مسائل اور خاص طور پر تلنگانہ کے ساتھ جانبدارانہ رویہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے قومی سطح پر یکساں نیشنل فوڈ گرین پروکیورمنٹ پالیسی کے اعلان کا مطالبہ کیا۔ر