پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وائی ایس آر کانگریس ارکان کا احتجاج

   

حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وائی ایس آر کانگریس پا رٹی کے ارکان نے آج بھی احتجاج جاری رکھا۔ گزشتہ پانچ دن سے وائی ایس آر کانگریس کے ارکان نے آندھراپردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کو خانگیانے کی مخالفت کی گئی ۔ انہوں نے پولاورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کی مانگ کی ۔ راجیہ سبھا میں مذکورہ مسائل پر مباحث کے لئے وائی ایس آر کانگریس کے لیڈر وجئے سائی ریڈی نے صدرنشین کو نوٹس حوالے کی۔ احتجاجی ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور نعرہ بازی کرنے لگے۔ ارکان کا کہنا تھا کہ تلنگانہ حکومت مرکز کی منظوری کے بغیر پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ پر عمل کر رہی ہے ۔ انہوں نے سری سیلم اور دیگر پراجکٹس میں برقی کی پیداوار روکنے کا مطالبہ کیا۔ ایوان میں اپوزیشن کے دیگر ارکان اپنے اپنے مطالبات کے تحت احتجاج کر رہے تھے جس کے نتیجہ میں کارروائی متاثر ہوئی اور صدرنشین نے اجلاس کو پیر تک کے لئے ملتوی کردیا ۔