پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا یکم دسمبر سے آغاز

   

ایٹمی توانائی، اعلیٰ تعلیم اور سیکیورٹیز ریگولیشن سمیت 10 نئے بلز کی پیشکشی
نئی دہلی۔23 نومبر ( ایجنسیز)پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا یکم دسمبر سے آغاز ہوگا۔اس اجلاس میں حکومت 10 نئے اہم بل پیش کرنے جا رہی ہے جن میں سب سے نمایاں ایٹمی توانائی بل 2025 ہے جس کا مقصد ملک کے سیول نیوکلیئر سیکٹر کو نجی شعبے کیلئے کھولنا اور ایٹمی توانائی کے استعمال و ضابطے کو نئی شکل دینا ہے۔لوک سبھا بلیٹن کے مطابق ہائیئر ایجوکیشن کمیشن آف انڈیا بل بھی پیش کیا جائے گا جس کا مقصد یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو خود مختار بنانا اور شفاف سسٹم کے ذریعے معیاری تعلیم کو فروغ دینا ہے۔دیگر اہم بلوں میں نیشنل ہائی ویز ترمیمی بل شامل ہے جو قومی شاہراہوں کیلئے تیز اور شفاف زمین حصول کا نظام تیار کرے گا۔ اسی طرح کارپوریٹ لاز (ترمیمی) بل 2025 کمپنیز ایکٹ اور ایل ایل پی ایکٹ میں ضروری تبدیلیاں لائے گا تاکہ کاروبار آسان بنایا جاسکے۔حکومت سیکیورٹیز مارکیٹس کوڈ 2025 بھی پیش کرے گی جس کے ذریعے سیبی ایکٹ، ڈپازٹریز ایکٹ اور سیکیورٹیز کنٹریکٹ ایکٹ کو ایک جامع قانون میں ضم کیا جائے گا۔اجلاس میں ثالثی قانون میں ترمیم بھی زیرِ غور ہے جبکہ پچھلے اجلاس کے دو بل بھی منظور کیے جانے کے لیے شامل کئے جائیں گے۔ یہ اجلاس 19 دسمبر تک 15 نشستوں پر مشتمل ہوگا۔

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں چنڈی گڑھ سے متعلق کوئی بل نہیں
نئی دہلی، 23 نومبر (یو این آئی) مرکز کے زیر انتظام علاقے چنڈی گڑھ کی قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی خبروں کے درمیان مرکزی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ چنڈی گڑھ کے لیے مرکز کی جانب سے قانون سازی کے عمل کو آسان بنانے کی تجویز فی الحال مرکزی حکومت کے زیر غور ہے اور پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اس سلسلے میں کوئی بل لانے کی تجویز نہیں ہے ۔ان رپورٹوں کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں شدید ردِعمل پیدا ہو رہا ہے ۔