پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا پیر سے آغاز

,

   

مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن منگل کو مرکزی بجٹ پیش کریں گی

نئی دہلی :پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا پیر سے آغاز ہوگا جبکہ منگل کو عام بجٹ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن پیش کریں گی۔مرکزی بجٹ سے ایک دن قبل 22جولائی کو پارلیمنٹ میں معاشی سروے (اکنامک سروے) پیش کیا جائے گا۔ انڈیا اتحاد نیٹ پیپر لیک کیس اور ریلوے سیفٹی کے بشمول مختلف مسائل پر این ڈی اے حکومت کو گھیرنے کے لئے تیار ہے۔ پیر کے دن شروع ہونے والے مانسون اجلاس کے 12 اگست تک 19 سیشن ہوں گے۔ توقع ہے کہ اجلاس میں حکومت 6 بلز پیش کرے گی۔قبل ازیں کانگریس قائد جئے رام رمیش نے کہا تھا کہ سرکاری بینکوں میں حصے داری 51فیصد سے گھٹانے حکومت کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔میڈیا کے بموجب مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن مرکزی بجٹ سے ایک دن قبل معاشی سروے (اکنامک سروے) پیش کریں گی جو ملک کی معیشت کا رپورٹ کارڈ ہوگا۔ یہ چیف اکنامک اڈوائزر وی اننت ناگیشورن کی ٹیم کا تیار کردہ ہوگا۔ مرکزی حکومت نے بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل کْل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ دراصل پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ اجلاس 21 جولائی کی صبح 11 بجے پارلیمنٹ کے چیف کمیٹی ہال میں ہوگا۔ بجٹ اجلاس شروع ہونے سے پہلے سبھی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کی روایتی میٹنگ ہوتی ہے جس میں پہلی بار قائد اپوزیشن کی حیثیت میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی بھی شرکت کریں گے۔اس کْل جماعتی میٹنگ میں ترنمول کانگریس کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہوگا۔ اس تعلق سے ترنمول لیڈر ڈیریک او برائن نے رجیجو کو خط لکھا ہے۔ انھوں نے رجیجو کو بتایا ہے کہ 30 سالوں سے 21 جولائی کو بنگال میں پارٹی کے 13 ساتھیوں کے احترام میں ’یومِ شہید‘ منایا جاتا ہے جو کہ 1993 میں پولیس کی فائرنگ میں غیر قانونی طور سے مارے گئے تھے۔ اس لیے ترنمول اراکین پارلیمنٹ میٹنگ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔