علاج کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان ، تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر کا اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : پارلیمنٹ گھیراؤ احتجاج کے دوران دہلی میں پولیس کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہونے والے تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر شیوسینا ریڈی سے کانگریس کے قومی قائد راہول گاندھی نے ملاقات کی اور علاج کی ساری ذمہ داری قبول کرنے کا تیقن دیا ۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے 5 اگست کو دہلی میں پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ، پیگاسیس سافٹ ویر کے ذریعہ جاسوسی اور مخالف کسان قوانین کے خلاف پارلیمنٹ گھیراؤ احتجاجی دھرنا کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں راہول گاندھی کے علاوہ کانگریس کے دوسرے سینئیر قائدین نے بھی شرکت کی ۔ اس احتجاج کے دوران پولیس اور یوتھ کانگریس کے درمیان دھکم پیل اور جھڑپ ہوگئی جس میں کئی یوتھ کانگریس کے قائدین زخمی ہوگئے۔ ان میں تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر شیوسینا ریڈی کے پیر میں فیکچر آگیا ۔ جنہیں فوری رام منوہر لوہیا ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ شیوسینا ریڈی کا پیر میں فیکچر ہوجانے پر پیر میں سمنٹ کی پٹی ڈالی گئی ۔ راہول گاندھی نے آج تلنگانہ کانگریس کے صدر شیوسینا ریڈی کی مزاج پرسی کی اور پولیس کی کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا اور ساتھ ہی آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس اور اپنے پی اے آلنکر کو طلب کرتے ہوئے علاج کی ساری ذمہ داری قبول کرنے کی ہدایت دی ۔ مزاج پرسی کرنے پر تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر شیوسینا ریڈی نے راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا ۔۔
