پارلیمنٹ ہاؤس کامپلکس میں اپوزیشن کا احتجاج جاری

   

نئی دہلی : کانگریس اور دیگر جماعتوں نے جمعرات کو مسلسل تیسرے دن ایوان بالاراجیہ سبھا ممبران کی معطلی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں دھرنا دیا۔پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ارکان پارلیمنٹ میں راہول گاندھی، ادھیر رنجن چودھری، ملکارجن کھرگے ، ترنمول کانگریس کی ڈولا سین اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران موجود تھے ۔ وہ 12 ارکان کی معطلی کو ضابطہ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے ۔ کئی ارکان کے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی تھے۔ دریں اثناء ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کے خلاف اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان بالا کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ پیر کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن کانگریس اور ترنمول کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کے 12 اراکین کو گزشتہ مانسون اجلاس کے دوران ’غیر اخلاقی رویہ‘ کے الزام میں موجودہ اجلاس کے بقیہ سیشن کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ ایوان بالا کے چیئرمین نے معطلی واپس لینے کی اپوزیشن کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ معطل ایم پیز ایوان سے معذرت خواہی کریں جسے اپوزیشن نے مسترد کردیا۔ معطل ارکان میں سی پی آئی۔ایم کے ایلامرم کریم، کانگریس کی پھولو دیوی نیتام، چھایا ورما، رپن بورا، راجمنی پٹیل، سید ناصر حسین، اکھلیش پرتاپ سنگھ، ترنمول کانگریس کی ڈولا سین اور شانتا چھتری، شیو سینا کی پرینکا چترویدی اور انل دیسائی اور سی پی آئی کے ونئے شیوم شا مل ہیں۔