وزیراعظم کے ’اُلٹا چور چوکیدار کو ڈانٹے‘ ریمارک پر بھی صدر سماج وادی پارٹی کی تنقید
لکھنؤ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن کے مجوزہ اتحاد کو ’مہا ملاوٹ‘ قرار دیتے ہوئے اُس کا مذاق اُڑانے پر وزیراعظم نریندر مودی کو لفظی حملے کا نشانہ بناتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے آج متنبہ کیاکہ پارٹیوں کے اتحاد کو کمتر نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ یہ ایسا اجتماع ہے کہ آپ نہیں جانتے کونسی پارٹی مِٹ جائے گی۔ اُن سے مودی کے تبصرے کے تعلق سے پوچھا گیا تھا، جس میں اُنھوں نے مہا گٹھ بندھن یا عظیم اتحاد کو مہا ملاوٹ قرار دیا۔ مودی نے کہا تھا کہ آنے والے لوک سبھا چناؤ میں ملک کی صحتمند جمہوریت اِس مہا ملاوٹ کو مسترد کردے گی۔ یادو نے کہاکہ اُن کی پارٹی کا بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ساتھ اتحاد بدستور قائم رہے گا اور نشستوں کی تقسیم کی تفصیلات کا مناسب وقت پر اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے ریمارک ’’اُلٹا چور چوکیدار کو ڈانٹے‘‘ کے بارے میں یادو نے کہاکہ مودی کو واضح کرنا چاہئے کہ کس کے لئے یہ تبصرہ درست ثابت ہوتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت گایوں کی حفاظت کے لئے شراب کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے۔ حکومت اترپردیش نے حال ہی میں ہندوستان میں تیار کردہ بیرونی شراب اور بیئر پر اسپیشل سیس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آوارہ گایوں کے لئے شیلٹر ہومس تعمیر کئے جاسکیں۔ ایس پی سربراہ نے نقلی شراب کے باعث حالیہ اموات کے لئے بی جے پی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ اِس کے لئے حکومت ذمہ دار ہے۔ شراب کون تیار کررہا ہے، حکومت سب جانتی ہے۔