پارٹی بدلنے کے بارے میں عنقریب وضاحت کروں گا

   

کانگریس کے ناراض رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔17۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی میں رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ راج گوپال ریڈی نے پارٹی کے بعض سینئر قائدین کے رویہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی بدلنے کے مسئلہ پر وہ عنقریب اپنا موقف واضح کریں گے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ ایسی جگہ نہیں رہ سکتا جہاں عزت نہیں ہے اور میں ہر کسی کے تحت کام کرنے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی اور پلیٹ فارم سے کے سی آر کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ پارٹی بدلنے کے بارے میں عنقریب صورتحال واضح کروں گا، جو آنا چاہیں میرے ساتھ آسکتے ہیں۔ حال ہی میں تلنگانہ اسمبلی میں پیش آئے واقعہ سے راج گوپال ریڈی سخت ناراض ہیں۔ پراجکٹس کے کنٹراکٹس میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرنے پر ریاستی وزیر سرینواس یادو نے انہیں کنٹراکٹر قرار دیا تھا۔ انہوں نے جواباً سرینواس یادو کو پتے کھیلنے والا شخص قرار دیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کی جانب سے ان پر کی گئی تنقیدوں کے وقت بھٹی وکرمارکا خاموش رہے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ انہیں بھٹی وکرمارکا کے رویہ سے دکھ پہنچا۔ انہیں پرمور طریقہ سے میرا دفاع کرنا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے واقعہ سے انہیں کافی دکھ پہنچا ہے اور وہ اپنا علحدہ راستہ تلاش کر رہے ہیں۔ وینکٹ ریڈی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ر