حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے باغی رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ انہیں پارٹی سے معطل کرنے کی ہمت کسی میں نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ اگر پارٹی انہیں وجہ نمائی نوٹس دیتی ہے تو اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معطل کرنے کی ہمت اور جرأت کسی میں نہیں ہے اگر انہیں معطل کیا گیا تو روزانہ ایک شخص کی پول کھولتے جائیں گے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ پارٹی معطل کرنے کی کوشش نہ کرے۔ اشوکا ہوٹل میں کانگریس قائدین کے اجلاس کے بعد جگا ریڈی نے کہا کہ اگر معطل کیا گیا تب بھی وہ ہائی کمان کے وفادار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریونت ریڈی ان کا چیلنج قبول کرتے ہیں تو وہ استعفی دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو ترقی کے نام پر سنگاریڈی میں ان سے مقابلہ کرنے کا چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی پارٹی کے اصولوں کے خلاف کام کررہے ہیں۔ر