وی ہنمنت راؤ کی پولیس اسٹیشن بیگم بازار میں نارائن ریڈی کے خلاف شکایت
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرتے ہوئے پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق خازن جی نارائن ریڈی پر پارٹی فنڈ میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت راؤ نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر انسپکٹر کو تحریری شکایت حوالے کی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ نارائن ریڈی نے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حاصل ہونے والے پارٹی فنڈ میں بے قاعدگیاں کی ہیں۔ تغلب اور تصرف کا الزام عائد کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کارروائی کی اپیل کی۔ نارائن ریڈی دو دن قبل کانگریس سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے علاوہ دوباک کے ضمنی چناؤ میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں این آر آئیز اور تاجرین کی جانب سے بڑے پیمانہ پر فنڈس وصول کئے گئے تھے ۔ دوباک میں نارائن ریڈی نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا ۔ حالیہ بلدی انتخابات میں پارٹی امیدواروںکو ایک روپیہ نہیں دیا گیا اور نہ ہی تشہیری اشیاء تقسیم کی گئیں۔ پارٹی قائدین نے امیدواروں کو اپنی جانب سے انتخابی اخراجات کا انتظام کیا تھا ۔ ہنمنت راو نے کہا کہ پارٹی قیادت سے اس سلسلہ میں جائزہ اجلاس طلب کرنے کی مانگ کی گئی ہے تاکہ پارٹی شکست کے علاوہ فنڈس میں بے قاعدگیوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں وہ یہ مسئلہ اٹھائیں گے ۔ جی نارائن ریڈی نے کانگریس کو حاصل ہونے والے کروڑہا روپئے کی رقم بی جے پی کے حوالے کی ہے تاکہ وہاں اہم عہدہ حاصل کیا جاسکے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی میں شمولیت سے قبل نارائن ریڈی کو فنڈس کے بارے میں حساب کتاب پیش کرنا چاہئے۔ ہنمنت راؤ کے علاوہ پارٹی کے دیگر قائدین نے بھی نارائن ریڈی پر کروڑہا روپئے کی دھاندلیوں کا الزام عائد کیا۔