پارٹی قائدین کی نقل و حرکت پر روک ٹوک

   

حکومت سے کلیرنس کے حصول میں مشکل : مہاراشٹرا کانگریس
ممبئی 18 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کانگریس نے آج برسر اقتدار بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران پارٹی قائدین کی نقل و حرکت کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ریاست میں 21 اکٹوبر کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ریاستی کانگریس ترجمان سچن ساونت نے ادعا کیا کہ ائر ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے پارٹی قائدین کو انتخابی مہم کیلئے منتقل کرنے والے ہیلی کاپٹرس ‘ طیاروں وغیرہ کو بروقت کلیرنس نہیں دیا جا رہا ہے ۔ ائر ٹریفک کنٹرول کو در اصل ائر ٹریفک اسٹاپر بنادیا گیا ہے اور خاص طورپر کانگریس کیلئے ایسا کیا جا رہا ہے ۔ مسٹر ساونت نے ٹوئیٹ کیا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ ہمارے قائدین کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی جائے ۔ اسے محدود کردیا جائے ۔ وہ کل سے شولاپور ائرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ جیوتر آدتیہ سندھیا کو بھی وہیں رکنا پڑ رہا ہے ۔ کل وزیر اعظم کی آمد و رفت کو بہانہ بناتے ہوئے کلیرنس نہیں دیا گیا تھا ۔ آج کوئی بہانہ نہیں ہے اس کے باوجود کلیرنس نہیں دیا جا رہا ہے ۔ کانگریس لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا کوہاپور اور سانگلی میں آج پارٹی کے انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل تین انتخابی جلسوں سے خطاب کیا تھا ۔ این سی پی نے بھی اسی طرح کے الزامات عائد کئے ہیں۔ پارٹی کے ایم پی امول کولہے نے جمعرات کو کہا تھا کہ ان کے ہیلی کاپٹر کو ائر ڈیفنس کنٹرول کی جانب سے پرواز کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور مودی کے دورہ کو اس کی وجہ قرار دیا گیا تھا ۔